Skip to content
بالِ جبریل 123: دُعا

بالِ جبریل 123: دُعا

”دُعا“ از علامہ اقبال

فہرست

(مسجدِ قرطبہ میں لِکھی گئی)

فلسفۂ دُعا از علامہ اقبال

انسانی روح حقیقتِ مطلقہ سے گہرا رابطہ چاہتی ہے، یہ رابطہ استدلال سے نہیں بلکہ دُعا سے پیدا ہوتا ہے، جس سے روح میں تنویر اور تقویت پیدا ہوتی ہے۔ لیکن دعا کے بھی مدارج ہیں۔ نبیوں کی دُعا انقلاب آفریں ہوتی ہے، اس سے ایک نیا عالم ظہور میں آتا ہے۔ صوفی یا ولی کے شعور میں دُعا زیادہ سے زیادہ تر ایک خاص قسم کا علم یا عرفان پیدا کرتی ہے۔

اس کی تائید میں علامہ اقبالؔ نے امریکہ کے مشہور فلسفی اور ماہرِ نفسیات ولیم جیمز کی ایک کتاب سے اقتباس پیش کیا ہے، جس کا لبِ لباب یہ ہے کہ طبیعی سائنس خواہ کتنی ہی ترقی کر جائے، انسان دُعا مانگتے ہی رہیں گے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ انسانی نفس اپنی ماہیت اور بطون میں صحبت، رفاقت اور جماعت کا طالب ہے۔ وہ رفیق چاہتا ہے اور رفیقِ اعلی اس کو ایک جاودانی نصب العینی عالم میں ملتا ہے۔ بعض انسانوں میں مسلسل یا کبھی کبھار اس سے ربط کا احساس سینے کے اندر پنہاں رہتا ہے۔ مردود و مسکین انسان بھی اس قسم کے رابطے کی وجہ سے اور اس نسبت کی بدولت اپنے تئیں ایک حقیقی ہستی سمجھتا ہے۔ اس قسم کی رفیقِ اعلی ہستی انسان کی جائے پناہ ہے۔ اگر یہ پناہ نہ رہے اور دوسرے انسانوں سے بیزاری اور بے تعلقی محسوس ہو تو اکثر انسانوں کی زندگی میں ایک ہیبت ناک خلا پیدا ہو جائے۔ انسانوں کی طباع میں بڑا تفاوت ہے، اس لیے یہ خواہش اور ضرورت بھی سب کو یکساں محسوس نہیں ہوتی۔ جن میں یہ احساس شدید ہوتا ہے وہ لوگ مذہبی کہلا سکتے ہیں، لیکن جو لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، میرے نزدیک وہ لوگ اپنے آپ کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ دعا ایک جبلی اور فطری تقاضا ہے۔

دُعا سے جو عرفان حاصل ہوتا ہے اس کی نوعیت عقلی یا استدلالی نہیں ہوتی۔ دُعا میں انسان حقیقتِ مطلقہ سے براہِ راست ہم کنار ہو جاتا ہے اور حیاتِ لامتناہی سے بہرہ حاصل کرتا ہے۔ دعا میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جزئی زندگی، جو ایک محدود سا جزیرہ تھی، اپنے آپ کو ایک ناپیدا کنار قلزم میں پاتی ہے۔

(حوالہ: تشکیلِ جدید الہیاتِ اسلامیہ: تصورِ باری تعالی اور دعا کا مفہوم)
(ترجمہ و تلخیص: ڈاکٹر خلیفہ عبدالحکیم)

تعارف

یہ پُرسوز، پُر کیف اور پُر تاثیر دعا حضرتِ علامہؒ نے مسجدِ قرطبہ میں بیٹھ کر لکھی۔ پہلے تین اشعار میں دعا کا فلسفہ بیان کیا ہے اور اس کے بعد کے چار شعر حمد و ثنا کے رنگ میں ہیں، پھر دو اشعار میں دعا کی ہے اور ایک شعر میں فلسفہ اور شعر کی حقیقت بیان کی ہے۔ چونکہ یہ نظم ایک خاص ماحول میں اور خاص جذبہ کے تحت لکھی گئی ہے، اس لیے اس کا ہر شعر سوز و گداز میں ڈوبا ہوا ہے، جس کی وجہ سے پڑھنے والے کے دِل میں بھی اسی قسم کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔اس نظم میں بظاہر نہ کسی لفظ میں اشکال ہے، نہ کسی ترکیب میں اغلاق ہے۔ دشواری جو کچھ ہے وہ یہ ہے کہ اقبالؔ کی شاعری سراسر رمز و کنایہ سے معمور ہے اور اس قسم کے اشعار کی خصوصیت یہ ہے کہ بظاہر مطلب کچھ ہوتا ہے لیکن بہ باطن شاعر کی مراد کچھ اور ہوتی ہے۔ بالفاظ دگر ایمائی اشعار کا ظاہری مطلب جہاں ختم ہوتا ہے، در اصل حقیقی مفہوم وہاں سے شروع ہوتا ہے، یہ بات بالِ جبریل ہی کے لیے مختص نہیں ہے، اقبالؔ کی ہر تصنیف میں یہی رنگ پایا جاتا ہے۔

(حوالہ: شرح بالِ جبریل از پروفیسر یوسف سلیم چشتی)


اقبالؔ جب 1932ء میں گول میز کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن گئے تو وہاں فراغت کے بعد انہوں نے ہسپانیہ کا دورہ بھی کیا۔ تاریخی اعتبار سے ہسپانیہ جن دنوں مسلمان سلاطین کے زیرِ نگیں رہا تو اس کی عظمت انتہائی عروج پر پہنچ گئی تھی۔ مسلمان سلاطین نے قرطبہ کو اپنا دارالحکومت قرار دیا تھا۔ زیرِ شرح نظم علامہ نے قرطبہ کی جامع مسجد میں بیٹھ کر تخلیق کی۔ یہ مسجد مسلمانوں کے زوال کے بعد عیسائی حکمرانوں نے گرجا میں تبدیل کر دی تھی۔ اس المیے کے اثرات اقبالؔ کی اس نظم میں جا بجا موجود ہیں۔

(حوالہ: شرح بالِ جبریل از اسرار زیدی)

YouTube video

تشریح

ہے یہی میری نماز، ہے یہی میرا وضو
میری نواؤں میں ہے میرے جگر کا لہُو

حلِ لغات:

نوَالے، مغمہ، شاعری، صدا
جگر کا لہُوجگر کا خون، سچا جذبۂ عشقِ حقیقی
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

اے مولا کریم! میں جو نغمے آلاپ رہا ہوں (فریاد کر رہا ہوں) وہ محض آواز نہیں ہے، ان میں میرے جگر کا لہو شامل ہے اور یہی میرا وضو ہے اور یہی میری نماز ہے۔ یعنی میں جو کچھ عرض کر رہا ہوں وہ سراسر تیرے عشق میں ڈوب کر کررہا ہوں۔ محض شاعرانہ خیال آرائی نہیں کر رہا۔ علامہ نے اپنی اس حالت و کیفیت کو نماز و وضو قرار دیا ہے۔ نماز بروئے شریعت سب سے بڑی عبادت ہے اور عبادت کا مغز دعا ہے، لیکن دعا کی شرط یہ ہے کہ اس میں خلوص کا رنگ ہو یعنی دِل کی گہرائیوں سے نکلے۔ اس طرح کہ اس میں دعا کرنے والے کے جگر کا خون یعنی عشق کا رنگ منعکس ہو۔

اقبالؔ کہتے ہیں کہ عشقِ حقیقی جب اپنی انتہا پر پہنچتا ہے تو جگر کا لہو بھی آہ و فریاد میں ڈھل جاتا ہے۔ یہی آہ و فریاد میری نماز اور وضو کا روپ دھار گئی ہے۔

”خونِ جگر“ اقبالؔ کی خاص اصطلاح ہے اور اس سے ان کی مراد عشق یا ”خلوصِ قلب“ ہوتی ہے۔ چند شعر ملاحظہ ہوں:-

؎ یا مُردہ ہے یا نزع کی حالت میں گرفتار
جو فلسفہ لکھا نہ گیا خونِ جگر سے
(حوالہ: ضربِ کلیم: فلسفہ)

؎ رنگ ہو یا خِشت و سنگ، چنگ ہو یا حرف و صوت
معجزۂ فن کی ہے خونِ جگر سے نمود
(حوالہ: بالِ جبریل: مسجدِ قرطبہ)

؎ خُونِ دل و جگر سے ہے میری نَوا کی پرورش
ہے رگِ ساز میں رواں صاحبِ ساز کا لہُو
(حوالہ: بالِ جبریل: ذوق و شوق)


صُحبتِ اہلِ صفا، نُور و حضور و سُرور
سر خوش و پُرسوز ہے لالہ لبِ آبُجو

حلِ لغات:

صحبترفاقت، ہمراہی، ساتھ، پاس بیٹھنا
اہلِ صفاپاک و صاف دِل رکھنے والے لوگ، عارف
نوردِل کا روشن ہونا، روشنی
حضورخدائی جلوَے کا پیشِ نظر ہونا، محبوب کی حضوری
سُرورکیف و سُرُور، کیف و مستی
سرخوشبے انتہا خوش
پُرسوزحرارتِ عشق سے پُر
لالہلالے کا پھول، Tulip
لبِ آبجُوندی کا کنارہ
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

لیکن یہ خلوص، یہ رنگِ فدویت، یہ خشوع و خضوع اہلِ صفا یعنی عشاق کی صحبت سے پیدا ہو سکتا ہے۔ صحبتِ مرشد کے بغیر انسان اللہیت اور خلوص کی نعمت سے بہرہ ور نہیں ہو سکتا۔ جن لوگوں کے دِل و باطن صاف اور طرح کی آلودگیوں سے پاک ہیں، ان کی صحبت میں بیٹھنا دِل کو منور کرتا ہے، محبوب کی حضوری بھی میسر آتی ہے اور یوں کیف و سرور کی لذت حاصل ہوتی ہے۔ بالکل اسی طرح جس طرح لالہ کا پھول ندی کے کنارے تر و تازہ اور شگفتہ رہتا ہو اور اس میں سرخی بھی خوب رہتی ہے، ندی کی لہریں اس کو ہمیشہ تازگی، سرخوشی اور سوز بخشتی رہتی ہے۔  گویا ندی استعارہ ہے اہلِ صفا کا اور لالہ اہلِ صفا کی صحبت میں بیٹھنے والے۔ جس طرح پانی پھولوں کی آبیاری کرتا ہے، اسی طرح مرشد کی نگاہ دِل کو تر و تازہ کرتی ہے۔ انسان میں سرخوشی اور گداز اسی وقت پیدا ہوتا ہے جب وہ مرشد کی صحبت اختیار کرتا ہے۔

؎ خِرد کے پاس خبر کے سِوا کچھ اور نہیں
ترا علاج نظر کے سِوا کچھ اور نہیں
(حوالہ: بالِ جبریل)

؎ خدا سے پھر وہی قلب و نظر مانگ
نہیں ممکن امیری بے فقیری
(حوالہ: بالِ جبریل)

؎ حاصل کسی کامل سے یہ پوشیدہ ہنر کر
کہتے ہیں کہ شیشے کو بنا سکتے ہیں خارا
(ارمغانِ حجاز: بڈھے بلوچ کی نصیحت بیٹے کو)

؎ کوئی اندازہ کر سکتا ہے اس کے زورِ بازو کا
نگاہِ مردِ مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں
(بانگِ درا: طلوعِ اسلام)

؎ فقط نگاہ سے ہوتا ہے فیصلہ دل کا
نہ ہو نگاہ میں شوخی تو دلبری کیا ہے
(حوالہ: بالِ جبریل)


راہِ محبّت میں ہے کون کسی کا رفیق
ساتھ مرے رہ گئی ایک مری آرزو

حلِ لغات:

رفیقدوست، ساتھی
آرزوتمنّا، ارمان، اشتیاق، شوق، اُمنگ، خواہش، مراد، مقصد، طلب
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

پس دعا میں اس وقت خلوص پیدا ہو سکتا ہے جب انسان اللہ کے عشق میں فنا ہو جائے لیکن اس راستہ میں نہ دوست کام آ سکتا ہے، نہ کوئی عزیز مدد کر سکتا ہے، عاشق کو یہ راہ اپنی ذاتی کوشش اور ہمّت سے طے کرنی پڑتی ہے۔ ہاں! اس راہ میں اگر کوئی رفیق ہو سکتا ہے تو وہ عاشق کا جذبۂ عشق ہی ہے، جو آخر تک ساتھ دے سکتا ہے، اسی جذبۂ عشق کو اقبالؔ نے آرزو سے تعبیر کیا ہے۔ یہ جذبۂ عشق ہی ہے جو آرزو میں ڈھل کر انسان کو آگے لیے جاتا ہے اور محبوبِ حقیقی تک رسائی کا باعث بنتا ہے۔

اقبالؔ کے کلام میں ”آرزو“ کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اسرارِ خودی میں فرماتے ہیں:-

ترجمہ: جستجو ہی زندگی کا راز ہے؛ آرزو کے اندر ہی زندگی کی اصلیّت پوشیدہ ہے۔ اس لیے تُو اپنے اندر آرزو کو آباد رکھ؛ تاکہ تیرا بدن قبر نہ بن جائے۔ آرزو خاکی انسان کو اُڑنے کی طاقت عطا کرتی ہے؛ ہماری ادراک کے لیے آرزو اسی طرح راہبر ہے جس طرح موسی علیہ السلام کے لیے خضر علیہ السلام راہبر بنے۔

(حوالہ: اسرارِ خودی: در بیان اینکہ حیاتِ خودی از تخلیق و تولید مقاصد است)


میرا نشیمن نہیں درگہِ میر و وزیر
میرا نشیمن بھی تُو، شاخِ نشیمن بھی تُو

حلِ لغات:

نشیمنآشیانہ، ٹھکانا، گھونسلا
درگہدر گاہ
میر و وزیربادشاہ اور وزیر، مراد حمکران
شاخِ نشیمنجس شاخ پر گھونسلا بنا ہوا ہو
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

دعا کی حقیقت واضح کرنے کے بعد اب اقبالؔ اللہ سے خطاب کرتے ہیں کہ اے ربِ کریم! میں تیرا ایک عاجز بندہ ہوں اور دنیا میں تیرے سوا کسی کو اپنا دست گیر اور حاجت روا نہیں سمجھتا۔ میرے مولا کریم! میں نہ تو امیروں کے در کو اپنا ٹھکانا بنایا ہے اور نہ وزیروں کی بارگاہ کو ٹھکانا بنایا ہے، میں ان سب سے بے نیاز ہوں، کسی بھی دنیاوی دولت و مرتبہ کے حامل آدمی کو اس لائق نہیں سمجھتا۔ میرا نشیمن بھی تُو ہی اور اور شاخِ نشیمن بھی تُو ہی ہے۔ یعنی میں صرف تجھ ہی پر تکیہ کرتا ہوں اور اس تکیہ کی توفیق بھی تجھی سے طلب کرتا ہوں۔ ۔ میرے لیے تُو ہی سب کچھ ہے، منزل بھی اور راہ بھی۔ گویا یہ تیرا کرم ہے کہ مجھے تُو نے اس شعور و توفیق سے نوازا ہے کہ میرا سب کچھ تُو ہی ہے۔ میں صرف تجھی کو اپنی زندگی کا سہارا سمجھتا ہوں اور یہ سمجھ جو مجھ میں پیدا ہوئی ہے، یہ بھی تیری ہی پیدا کردہ ہے۔


تجھ سے گریباں مرا مطلعِ صُبحِ نشور
تجھ سے مرے سینے میں آتشِ ’اللہ‌ھوٗ‘

حلِ لغات:

گریباںسینہ، دِل
مطلعطلوع ہونے کی جگہ
صُبحِ نشورقیامت کی صبح کے طلوع ہونے کا مقام
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

تیرے عشق ہی کی بدولت میرا گریباں صبحِ قیامت کے طلوع کی صورت اختیار کر گیا ہے اور تیرے عشق ہی کی وجہ سے میرے سینے میں ”اللہ ھو“ کی آگ روشن ہے۔ مطلب یہ کہ تیرے عشق کی بدولت میرے گریبان سے قیامت کے ہنگامے اُٹھ رہے ہیں۔ جس طرح قیامت کے روز مُردے زندہ ہو جائیں گے، اسی طرح، تیرے کرم سے، میرا جذبۂ عشقَ کامل مُردہ لوگوں میں زندگی کی روح پھونک دے گا۔

؎ نہاں تقدیرہا در پردۂ من
قیامت با بغل پر وردۂ من

میرے پردے میں مقدّر (قوموں کی تقدیریں) پوشیدہ ہیں اور قیامتیں میری آغوش میں پرورِش پا رہی ہیں۔

(حوالہ: زبورِ عجم: گلشن رازِ جدید: تمہید)


تجھ سے مری زندگی سوز و تب و درد و داغ
تُو ہی مری آرزو، تُو ہی مری جُستجو

حلِ لغات:

سوزتپش، حرارت
تبحرارت، چمک
دردعشقِ حقیقی کی خلِش
داغعشقِ حقیقی کا زخم
آرزوتمنّا، ارمان، اشتیاق، شوق، اُمنگ، خواہش، مراد، مقصد، طلب
جُستجوتلاش کرنا، ڈھونڈنے کا عمل، تحقیق، دریافت، کھوئی ہوئے شے کو تلاش کرنا
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

مولائے کائنات! تیرے ہی دم سے میری زندگی سوز و درد و داغ کے علاوہ روشنی کا مظہر بنی ہوئی ہے۔ میری زندگی میں تیری ہی محبت کی بدولت سوز و گداز اور سرمستی کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔  تُو ہی ہے جو میرے عشق میں آرزو بن کر بسا ہوا ہے اور یہی جذبہ جستجو کا حامل بن جاتا ہے۔ ۔ تُو ہی میرا مقصود اور مطلوب ہے اور تجھ کو حاصل کرنا ہی میری زندگی کا نصب العین ہے۔


پاس اگر تُو نہیں، شہر ہے ویراں تمام
تُو ہے تو آباد ہیں اُجڑے ہُوئے کاخ و کُو

حلِ لغات:

ویراںغیر آباد
اُجڑے ہوئےویران، غیر آباد
کاخ و کُومحل اور گلیاں (کُوچے)
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

اے آقا! یہ تیری یاد ہی ہے جس کے بغیر ہر سُو ویرانی ہی ویرانی نظر آتی ہے اور جب مجھے تیری قربت کا احساس ہوتا ہے تو اجڑے ہوئے محلات اور سنسان گلی کوچے بھی آباد و درخشاں نظر آتے ہیں۔ مراد یہ کہ قربِ الہی سے انسان عظمت و  بلندی سے سرشار ہوتا ہے۔ اس کے برعکس عشقِ الہی اور اس کی معرفت نہ ہو تو پورا ماحول اجاڑ و سنسان بن کر رہ جاتا ہے۔


پھر وہ شرابِ کُہن مجھ کو عطا کر کہ مَیں
ڈھُونڈ رہا ہوں اُسے توڑ کے جام و سُبو

حلِ لغات:

شرابِ کُہنپُرانی شراب، پہلے مسلمانوں کا سا جذبہ
توڑ کے جام و سبُواپنا پیالہ اور مٹکا توڑ کر
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

اے خدا! تُو مجھے پھر وہی پرانی شراب عطا فرما، اس لیے کہ میں نئے تہذیب کے تمام جام و سبو توڑ کر اس پرانی شراب کی تلاش میں لگا ہوا ہوں۔ میں نے جدید تہذیب کے تمام لوازمات سے قطع تعلق کر لیا ہے۔ مجھے وہی جذبۂ عشق نواز دے جو میرے اسلاف کا ورثہ ہے کہ سب کچھ چھوڑ کر میں تو عشقِ الہی میں جذب ہو چکا ہوں اور محض تیری ہی تلاش میں مصروف ہوں۔ الہی! قوم کو وہ پہلے مسلمانوں کے سے جذبے اور ولولے عطا کر جس سے وہ دنیا پر چھا گئے اور اپنی عظمت و سربلندی، نیز بقا کا سامان کر گئے، یعنی ہمیں عشقِ رسول اللہ ﷺ کی دولت عطا فرما دے

شرابِ کُہن پھر پِلا ساقیا
وہی جام گردش میں لا ساقیا!
مجھے عشق کے پَر لگا کر اُڑا
مری خاک جُگنو بنا کر اُڑا
خِرد کو غلامی سے آزاد کر
جوانوں کو پِیروں کا استاد کر
(حوالہ: بالِ جبریل: ساقی نامہ)


چشمِ کرم ساقیا! دیر سے ہیں منتظر
جلوَتیوں کے سُبو، خلوَتیوں کے کُدو

حلِ لغات:

چشمِ کرممہربانی کی نظر، لطف و کرم کی نظر
ساقیایعنی اے خدا!
منتظرانتظار کرنے والے
خلوَتیوہ لوگ جو خلوَت میں رہتے ہیں، مراد ہے گوشہ نشین، درویش، تنہائی پسند لوگ
سبُوپیالہ، مٹکا، جام
جلوَتیوہ لوگ جو جلوَت میں رہتے ہیں، مراد ہے دنیا دار، محفل میں بیٹھنے والے
کَدُوکاسہ، پیالہ
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

اے میرے مولیٰ کریم! میں اس دعا میں اپنی قوم کے تمام افراد کو شریک کرتا ہوں، وہ لوگ جو امورِ دنیاوی میں مشغول ہیں اور وہ بھی جو عزلت گزیں (علیحدگی / تنہائی اختیار کیے ہوئے ہیں)، سب تیری نگاہِ کرم کے منتظر ہیں۔

”جلوتی“ اور ”خلوَتی“: جلوتی کے لفظی معنی ہیں وہ لوگ جو جلوت (بھیڑ بھاڑ) میں رہتے ہیں اور خلوتیوں سے مراد ہے گوشہ نشین (تنہائی میں رہنے والے)۔ ان دونوں اصطلاحوں سے مختلف مفہوم مراد لیے جا سکتے ہیں۔ مثلاً امیر اور فقیر، اہلِ سیاست اور اہلِ تصوّف، علماء اور اولیاء، دنیا دار اور دین دار۔ حال ہی کی مناسبت کے لیے دونوں کے لیے الگ الگ لفظ استعمال کیے۔ جلوتیوں کے لیے سبُو (وہ پیالہ جس میں شراب ڈالتے ہیں) جس سے محفل آرائی کا سر و سامان اور اہتمام ظاہر ہوتا ہے، خلوتیوں کے لیے کدُو (یعنی کاسہ) جو درویشی اور قلتِ سامان (سامان کی کمی) کی دلیل ہے۔


تیری خدائی سے ہے میرے جُنوں کو گِلہ
اپنے لیے لامکاں، میرے لیے چار سُو!

حلِ لغات:

جُنوںعشقِ حقیقی کا جذبہ، دیوانہ پن
گِلہشکایت، شکوَہ
لا مکاںوہ مقام جس میں مکانیت کی تشخیص نہ ہو، عالم قدس
چار سُوچاروں طرف، ہر طعف، چار اطراف، ساری دُنیا
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

اے خدا! میں بڑے ادب کے ساتھ تیری جناب میں عرض کرتا ہوں کہ میرا جذبۂ محبت زمان و مکان کی قید کو گوارار نہیں کر سکتا، اس لیے تُو اپنے فضل و کرم سے مجھ میں بھی لا مکانی کی صفت پیدا کر دے۔

؎ سما سکتا نہیں پہنائے فطرت میں مرا سودا
غلَط تھا اے جُنوں شاید ترا اندازۂ صحرا
(حوالہ: بالِ جبریل)

نوٹ: چونکہ اقبالؔ کی رائے میں خودی کا کمال یہ ہے کہ وہ زمان و مکان کی قید سے آزاد ہو جائے، اس لیے انہوں نے ہر کتاب میں مسلمانوں کو اسی نصب العین کے حصول کی تلقین کی ہے اور خود بھی اس نظم میں اللہ سے اسی دولتِ عظمیٰ کے حصول کی دعا کی ہے۔ چنانچہ وہ اپنے مشہور خطبات میں لکھتے ہیں:

”ثقافتِ اسلامیہ کی تاریخ کے مطالعہ سے یہ حقیقت واضح ہو سکتی ہے کہ عقلیاتِ خالص اور نفسیاتِ مذہبی تصوف دونوں غیر محدود کے حصول کو مسلمانوں کا نصب العین قرار دیا گیا ہے اور اربابِ علم سے یہ حقیقت مخفی نہیں ہے کہ ایسی ثقافت میں زمان و مکان کا مسئلہ قوم کے حق میں زندگی اور موت کا حکم رکھتا ہے۔“


فلسفہ و شعر کی اور حقیقت ہے کیا
حرفِ تمنّا، جسے کہہ نہ سکیں رُو بُرو

حلِ لغات:

فلسفہعلمِ حکمت
حرفِ تمنّاآرزو کی بات، دِل کا مقصد
رُو برُوآمنے سامنے، بالمقابل
حلِ لغات (بالِ جبریل 123: دُعا)

تشریح:

فلسفہ اور شعر کی حقیقت اور اس کے سوا کیا ہے کہ یہ حرفِ آرزو بیان کرنے کا ذریعہ ہیں۔ ایسی آرزو بیان کرنے کا ذریعہ جو محبوب کے سامنے واضح طور پر بیان نہ کیا جا سکے۔ گویا شعر اور فلسفہ میں دِل کی باتیں استعاروں، کنایوں، اشاروں اور رمزوں ہی میں بیان کی جاسکتی ہیں۔ یعنی فلسفہ اور شعر کی تعریف مختصراً اتنی ہی ہے کہ ان کی وساطت سے اپنی دِلی تمنا کا اظہار کھُل کر نہیں کیا جاسکتا بلکہ یہاں بھی علامتوں کا سہارا لیا جاتا ہے۔

نوٹ

آخری شعر میں اقبالؔ نے اس حقیقت کو واضح کیا ہے کہ میں نے اللہ سے جو دعا کی ہے۔ اس میں اپنے جذباتِ قلبی کی عکاسی مکمل طور سے نہیں کی ہے کیونکہ میں نے یہ دعا نثر میں نہیں کی ہے بلکہ شعر کی صورت میں کی ہے اور شاعری اور فلسفہ کی حقیقت یہ ہے کہ شاعر و فلسفی اپنے خیالات کو واشگاف بیان نہیں کرتا، محض اس لیے کہ وہ ایسا کر نہیں سکتا یعنی فلسفہ اور شعر کی خوبی رمز و ایماء میں مضمر ہے۔ چنانچہ دنیا کے تمام بڑے بڑے شعراء نے اسی صفت کی بدولت اپنی شاعری میں دلکشی کا رنگ پیدا کیا ہے۔ جن لوگوں نے کلامِ اقبالؔ کیا ہے وہ بخوبی واقف ہیں کہ ان میں یہ صفت سب سے زیادہ نمایاں ہے، چنانچہ خود اقبالؔ نے اس شعر میں اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے:-

؎ برہنہ حرف نگفتن کمالِ گویائی است
حدیث خلوتیاں جز بہ رمز و ایماء نیست

یعنی شاعر کا کمالِ فن یہ ہے کہ وہ اپنے مفہوم کو واضح طور پر بیان نہ کرے بلکہ رمز و ایماء (اشارہ و کنایہ) سے کام لے کر پڑھنے والوں کی جولانیٔ طبع کے لیے ایک وسیع میدان مہیا کر دے۔

اسی حقیقت کو مرشدِ رومیؒ نے، جو اس انداز یا اسلوب کے سب سے بڑے علمبردار ہیں، یوں واضح کیا ہے:-

؎ خوشتر آں باشد کہ سِرِّ دلبراں
گفتہ آید در حدیثِ دیگراں

بہتر یہی ہوتا ہے کہ دِلبروں کا راز (معرفت) لوگوں کے قصے (لباس) میں (کنایہً) سُنا دیا جائے (یعنی اسرارِ حقیقت کو تمثیلی حکایات کے ضمن میں بیان کرنا ہی زیادہ بہتر ہے)۔

(حوالہ: شرح بالِ جبریل از پروفیسر یوسف سلیم چشتی)

حوالہ جات

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments