Skip to content
بانگِ درا 67: اخترِ صبح

بانگِ درا 67: اخترِ صبح


نظم اخترِ صبح از علامہ اقبال

تعارف

ڈاکٹر خواجہ حمید یزدانی علامہ اقبال کی نظم ”اخترِ صبح“ کا تعارف ان الفاظ میں کراتے ہیں:-

صبح کا ستارہ ایک خاص ستارہ ہے جو صبحِ صادق کے وقت طلوع ہوتا ہے اور چونکہ بہت روشن ہوتا ہے اس لیے اس نظم میں اس کی روشنی کو نگاہ قرار دیا گیا ہے۔ سورج طلوع ہونے پر اس کی روشنی سورج کی روشنی میں گُم ہو جاتی ہے، اسی لیے اس کی روشنی تھوڑے سے وقت کے لیے ہوتی ہے۔

نظم ’اخترِ صبح‘ کا مرکزی خیال یہ ہے کہ اگر کوئی انسان صاحبِ بقا (دوام اور ہمیشگی کی زندگی گزارنے والا) بننا چاہے تو اُسے محبت کی راہ اختیار کر لینی چاہیے۔

شرح بانگِ درا از ڈاکٹر خواجہ حمید یزدانی

نظم “اخترِ صبح” کی تشریح

حصہ اوّل

یہ حصہ تین اشعار پر مشتمل ہے، جن میں اخترِ صبح اپنی شکایات پیش کرتا ہے۔


ستارہ صبح کا روتا تھا اور یہ کہتا تھا
مِلی نگاہ مگر فرصتِ نظر نہ ملی

حلِ لغات:

الفاظمعنی
اخترِ صبحصبح کا ستارہ
نگاہبینائی، دیکھنے کی قوت
فرصتِ نظردیکھنے کا وقت اور فُرصت و فراغت
(بانگِ درا 67: اخترِ صبح از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اِس نظم میں اقبالؔ اخترِ صبح سے بات چیت کرتے ہیں۔

صبح کا ستارہ اپنے خیالات کو بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بے شک کائنات کے خالق نے مجھے زندگی اور چمکنے کی صلاحیت عطا کی ہے، لیکن ان لمحات کو مستوجبِ حد کر دیا ہے اور مجھے اتنی مہلت نہ دی کہ فطرت کے مناظر کا مکمل جائزہ لے سکوں۔

صبحِ صادق کے وقت طلوع ہونے والا ستارہ چونکہ بہت روشن ہوتا ہے اس لیے اُس کی چمک یا روشنی کو نگاہ قرار دیا گیا ہے۔


ہوئی ہے زندہ دمِ آفتاب سے ہر شے
اماں مجھی کو تہِ دامنِ سحَر نہ ملی

حلِ لغات:

الفاظمعنی
دمِ آفتابآفتاب کی سانس
اماں/اَمانپناہ
تہِ دامنِ سحرصبح کے دامن کے نیچے
(بانگِ درا 67: اخترِ صبح از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

یہ سچ ہے کہ سورج کے دم سے ہر شے زندہ ہوجاتی ہے۔ سورج زندگی اور جاگنے کا پیغام لے کر آتا ہے مگر میری طلوع کے چند لمحے گزرنے کے بعد سورج اپنی تیز کِرنوں کے ساتھ نمودار ہوا، جس سے میرا وجود دھُندلا گیا۔ جو صبح دُنیا کی ہر چیز کے لیے ہلچل اور احیاء کا پیغام ہوتی ہے، اُس کے دامن کے نیچے مجھ کو پناہ نہ مل سکی۔


بساط کیا ہے بھلا صبح کے ستارے کی
نفَس حباب کا، تابندگی شرارے کی

حلِ لغات:

الفاظمعنی
بساطحیثیت
نَفَسسانس (فارسی زبان میں)
حباببلبلہ
تابندگیچمک
شراراشعولہ
(بانگِ درا 67: اخترِ صبح از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

پس یہ ثابت ہوا ہے کہ میری زندگی بہت محدود ہے اور میری حیثیت اتنی ہی ہے جیسے پانی کے بلبلے کی سانس یا ایک چنگاری کی چمک جو لمحے بھر کے لئے چمکتی ہے۔

حباباپنی مختصر زندگی کی وجہ سے شاعری میں بے ثباتی کے استعارے کے طور پر لیا جاتا ہے۔ البتہ یہاں علامہ نے صبح کے ستارے کو حباب کی بھی سانس سے تعبیر کر کے اُس کی بے ثباتی کو اور اُجاگر کر دیا ہے اور اس سے شعری حسن و معنویّت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔


تبصرہ: واضح ہو کہ ستارے کے ذریعے ادا کیے گئے یہ تمام تر خیالات در اصل انسان کے مسائل ہیں۔ صبح کے ستارے کی ’روشنی‘ اور ’نگاہ‘ انسان کے شعور کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ انسان کو یہ ’نگاہ‘ تب حاصل ہوئی جب خدا نے اُس میں اپنی روح میں سے پھونکا۔

ثُـمَّ سَوَّاهُ وَنَفَخَ فِيْهِ مِنْ رُّوْحِهٖ ۖ
ترجمہ: پھر اس (انسان) میں اپنی روح میں سے پھونکا

(حوالہ: القرآن- سورۃ سجدہ، ۸)

اُسے شعور تو دیا مگر دوام نہ دیا لہذا اُس کو اپنی صلاحیت (potential) کی انتہا پانے کی مہلت و فرصت نہ دی۔

حصہ دوم

اس حصے میں تین اشعار شامل ہیں۔ ان میں علامہ، اخترِ صبح کی شکایت کا جواب دیتے ہوئے حل بیان کرتے ہیں۔


کہا یہ میں نے کہ اے زیورِ جبینِ سحَر!
غمِ فنا ہے تجھے! گُنبدِ فلک سے اُتر

حلِ لغات:

الفاظمعنی
زیورِ جبینِ سحرپیشانی کو سجانے والا زیور
غمِ فنافنا کا غم
گنبدِ فلکآسمان کا قلعہ،چھت
(بانگِ درا 67: اخترِ صبح از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اب اقبالؔ اخترِ صبح کی شکایت کے جواب میں، اُس سے مخاطب ہوکر کہتے ہیں کہ بیشک تُو صبح کی پیشانی پر جھومر یا زینت کی طرح ہے (سحر کو دُلہن فرض کر کے ستارۂ صبح کو اُس کے ماتھے کا زیور قرار دیا ہے)۔

پھر فرماتے ہیں کہ طلوعِ آفتاب کی وجہ سے تجھے اپنے زوال کا درد بھی ہوتا ہے۔ لہٰذا میرا مشورہ ہے کہ آسمان سے نیچے اُتر جا۔


ٹپک بلندیِ گردُوں سے ہمرہِ شبنم
مرے ریاضِ سخن کی فضا ہے جاں پرور

حلِ لغات:

الفاظمعنی
گردوںآسمان
ہمرہِ شبنمشبنم کے ساتھ
ریاضگلستان، باغ
جاں پرورفرحت بخش، جان کو سکوں دینے والا
(بانگِ درا 67: اخترِ صبح از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

میرا مشورہ یہ ہے کہ آسمان سے نیچے اُتر اور قطرۂ شبنم کی طرح میرے باغِ سُخن میں ٹپک پڑ، کہ یہاں کی فضا بڑی پُر سکُون اور زندگی بخشنے والی ہے اور اس فضا میں نشو و نما کی صلاحیّت موجود ہے۔

؎ اک رات يہ کہنے لگے شبنم سے ستارے
ہر صبح نئے تجھ کو ميسر ہيں نظارے
کيا جانيے ، تُو کتنے جہاں ديکھ چکی ہے
جو بن کے مٹے، ان کے نشاں ديکھ چکی ہے

(بانگِ درا: شبنم اور ستارے)

میں باغباں ہوں، محبّت بہار ہے اس کی
بِنا مثالِ ابد پائدار ہے اس کی

حلِ لغات:

الفاظمعنی
بِنابُنیاد
مثالِ ابدہمیشگی کی طرح
پائداردیر پا، قائم رہنے والی
(بانگِ درا 67: اخترِ صبح از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اقبالؔ اخترِ صبح سے کہتے ہیں کہ میں ایک باغباں کی مانند ہوں اور میری شاعری میں محبت کی وہی حیثیت ہے جو باغ میں بہار کی ہوتی ہے۔ میرا گلستانِ سُخن زوال کی طرف رواں نہیں ہے، بلکہ یہ ایسا گُلستان ہے جس کی بنیاد ہمیشگی کی طرح مضبوط اور مستحکم ہے۔ سو یہ تُجھے بقائے دوام (ہمیشہ قائم رہنے والی زندگی) کا سبق دے گی۔

مراد یہ ہے کہ میں اپنی شاعری میں عشقِ حقیقی کا درس دیتا ہوں اور یہ محبت ایسی ہے جسے فنا نہیں ہے۔ اس محبت کو اختیار کرنے سے صاحبِ بقا بنا جا سکتا ہے۔


تبصرہ: ستارے کی نگاہ اور انسان میں موجود روح کو دوام کی تلاش ہے۔ علماء کہتے ہیں کہ انسان کے جسم کو جو کچھ بھی درکار ہے (کھانا، پانی، وغیرہ)، وہ اسی مٹی میں سے دستیاب ہے اور اس سے بڑھ کر اس کی کوئی خواہش نہیں۔ تو پھر انسان میں بقائے دوام کی خواہش کیوں ہے؟ وہ کیوں چاہتا ہے کہ اُس کے پاس جو ہو وہ ہمیشہ رہے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ چونکہ یہ روح مادی نہیں ہے، اس لیے اس کی خواہشات بھی مادی نہیں ہیں۔ لہٰذا اس کی خواہشات کا راستہ بھی مادی دنیا سے بالا تر ہے۔

بقائے دوام دوام حاصل کرنے کا راستہ محبت ہے۔ اس کے ثبوت میں اقبالؔ خود اپنے کلام کو پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عشق نے میرے کلام کی بنیاد، ابد کی طرح پائیدار کر دی ہے۔

ہے ابد کے نسخۂ دیرینہ کی تمہید عشق
عقلِ انسانی ہے فانی، زندۂ جاوید عشق
عشق کے خورشید سے شامِ اجل شرمندہ ہے
عشق سوزِ زندگی ہے، تا ابد پائندہ ہے

(بانگِ درا: فلسفۂ غم)

؎ مردِ خدا کا عمل عشق سے صاحب فروغ
عشق ہے اصلِ حیات، موت ہے اُس پر حرام

(بالِ جبریل: مسجدِ قرطبہ)

حوالہ جات


Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments