Skip to content
ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم

ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم


نظم ”اے پیرِ حرم“ از علامہ اقبال

تعارف

نظم اے پیرِ حرم میں علامہ اقبال نے علماء اور صوفیائے اسلام سے خطاب کیا ہے اور اُن کو اُن کا دینی فرض یاد دِلایا ہے۔

YouTube video

نظم ”اے پیرِ حرم“ کی تشریح

اے پِیرِ حرم! رسم و رہِ خانقہی چھوڑ
مقصود سمجھ میری نوائے سَحری کا

حلِ لغات:

الفاظمعانی
پیرِ حرمحرم کا پیر، مکہ کا پیر، مراد مسلمانوں کا مذہبی رہنما، عالمِ دین
خانقہیخانقاہ میں بیٹھے رہنا، ترکِ دُنیا، رہبانیّت
مقصودمطلب، غرض، نوا
نوائے سحریصبح سویرے کا نغمہ، آواز، آہ و زاری۔ مراد: شاعری
(ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

علامہ اقبال فرماتے ہیں:-

اے مسلمانوں کے رہنماؤ! (خواہ تمہارا تعلق دین سے ہے یا تصوف سے)، یہ دور تُم سے عمل کا تقاضا کرتا ہے۔ اپنی خانقاہوں اور مسجدوں سے نِکل کر مسلمان قوم کو بیدار کرنے کی تدبیر کرو اور اُن میں عمل کا جذبہ بیدار کرو۔ میں صبح کے وقت اللہ کے حضور اس مقصد کے لیے جو دعائیں اور فریادیں کرتا رہتا ہوں اُن کو سمجھو اور میری شاعری میں مسلمانوں کے لیے جو پیغام ہے، اُسے سمجھو اور اُس پر عمل کرو۔ ”طریقِ خانقاہی“ سے مُراد ہے وہی تن آسانی اور بے عملی، جس نے مسلمانوں کو غلام بنا دیا۔ وہی موت کا ڈر اور جہاد کے تصوّر سے لرزہ بر اندام ہو جانا، جس نے ہمیں ذلیل کر دیا۔ بقول اقبالؔ:-

؎ یہ معاملے ہیں نازک، جو تری رضا ہو تُو کر
کہ مجھے تو خوش نہ آیا یہ طریقِ خانقاہی
(حوالہ: بالِ جبریل)


اللہ رکھے تیرے جوانوں کو سلامت!
دے ان کو سبق خود شکَنی، خود نگَری کا

حلِ لغات:

الفاظمعانی
خود شِکنیخود کو توڑنا، تکبر چھوڑنا، اپنی جھوٹی انا سے باہر آنا
خود نِگریخود کو دیکھنا۔ مراد: اپنی ذات کی شناخت / معرفت
(ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اے پیرانِ حرم! تمہاری قوم کے نوجوان بڑے کام کی چیز ہیں۔ اُن میں بڑے جوہر پوشیدہ ہیں۔ اُن پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پھر دیکھیے یہی نوجوان نسل جس سے تُم دُور رہتے ہو، اسلام کے لیے کیا کیا اعجازی کام کرتی ہے۔  میری دعا ہے کہ تمہارے یہ نوجوان صدا سلامت رہیں۔ تمہیں چاہیے کہ انہیں قرآن کی تعلیم دو تاکہ یہ اپنے بُتوں کو توڑنا سیکھ جائیں، اپنے عیوب کی اصلاح کر سکیں اور اپنی خودی کی تربیت و حفاظت کر سکیں۔ اِن دو باتوں کے بغیر یہ ترقی نہیں کر سکتے۔


تُو ان کو سِکھا خارا شگافی کے طریقے
مغرب نے سِکھایا انھیں فن شیشہ گری کا

حلِ لغات:

الفاظمعانی
خارا شِگافیسخت پتھر توڑنا۔ مراد: سخت جد و جہد اور محنت کرنا
شیشہ گریشیشہ بنانا، مراد: ظاہری بناؤ سنگھار، آرام طلب ہونا
(ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

مغربی اقوام نے مسلمان نوجوانوں کو ایک خاص منصوبہ اور سازش کے تحت تعلیمی، تہذیبی اور ثقافتی شراب میں ملا کر مسلم کَش اور اسلام نفوس زہر پِلا دیا ہے اور ان کو شیشے کی طرح نازک یعنی آرام طلب اور عمل سے گریز کرنے والا بنا دیا ہے۔ تم اے مسلمانوں کے رہنماؤ!  چاہے تمہارا تعلق جلوَت (شریعت) سے ہے اور چاہے خلوَت (طریقت) سے ہے، ان کو سخت بنا دو، ایسا سخت کہ وہ سخت پتھروں میں بھی سوراخ کر ڈالیں۔ بڑے سے بڑے عمل سے گریز نہ کریں۔ بڑی سے بڑی مہم سر کرنے سے نہ رُکیں اور نہ ڈریں۔ یعنی آپ صاحبان اُنہیں سمجھائیں کہ وہ اپنے اندر مردوں کے صفات پیدا کریں۔ نیز اُنہیں محنت، مشقّت اور جہاد کی طرف مائل کیجیے۔


دِل توڑ گئی ان کا دو صدیوں کی غلامی
دارُو کوئی سوچ ان کی پریشاں نظَری کا

حلِ لغات:

الفاظمعانی
دِل توڑ گئیحوصلے کم کر گئی، ہمت ختم کر گئی
دارُودوا، علاج
پریشاں نظریپریشاں خیالی
(ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

مسلمانوں نے بارہ سو سال تک مشرق و مغرب پر حکومت کی ہے اور جملہ اقوام کو نور و دانِش اور علم کے زیور سے آراستہ کیا ہے۔ پِچھلے دو سو سال سے مسلم ممالک پر مغربی اقوام کی برتری اور قبضہ ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے برعکس اپنی مفتوح اقوام کو حیوانیّت، بے حیائی اور تہذیب کے پردے میں جہالت سے آشنا کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں مسلم نوجوان بھی ان کے اثرات کے زخم کھائے بیٹھے ہیں اور اُن کے افکار و خیالات حرم کے مرکز سے ہٹ کر فرنگی نظریات کے مندِروں میں بھٹک رہے ہیں۔ علامہ مسلمان رہنماؤں کو یہ یقین دِلانا چاہتے ہیں کہ قصور مسلمان نوجوانوں کا نہیں جن سے تُم دُور رہتے ہو، قصور اس دو سو سالہ محکومی کا اور اس دوران مغربی تہذیب کے اثرات کا ہے کہ وہ دِل شِکستہ و پریشان حال ہیں اور اعلی مقاصد سے محروم ہو چُکے ہیں۔ تُم ان سے رابطہ پیدا کرو۔ اُن کو پھر سے مغربی مندر سے نکال کر حرمِ کعبہ سے وابستہ کر دو۔ اُنہیں اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کا پیغام سناؤ اور بتاؤ کہ اگر وہ اللہ کے دین کی مدد کریں گے، تو اللہ اُن کی مدد کرے گا۔


کہہ جاتا ہوں مَیں زورِ جُنوں میں ترے اَسرار
مجھ کو بھی صِلہ دے مری آشُفتہ سری کا!

حلِ لغات:

الفاظمعانی
زورِ جنوںعشق کی شدت، شودا کا جوش
اسرارسر کی جمع۔ بمعنی بھید / راز کی باتیں
صِلہمعاوضہ
آشفتہ سریسر میں پریشانی ہونا، دیوانہ پن، مراد عشق
(ضربِ کلیم 60: اے پیرِ حرم از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

میں اپنے عشق اور عشق کی دیوانگی میں قوم اور قوم کی حیات و بقا کے راز کہہ جاتا ہوں۔ مجھے بھی اِس عشق و شیفتگی کا صلہ اور انعام عطا ہو۔

اس شعر میں اگر خدا سے خطاب ہو رہا ہے تو اقبالؔ خدا سے صلہ مانگ رہے ہیں۔ اگر پیرِ حرم سے مخاطب ہیں تو اپنی بات کا معاوضہ طلب کر رہے ہیں۔ دونوں صورتیں ہو سکتی ہیں۔ بہرحال اقبالؔ  کہہ رہے ہیں کہ میں نے اپنے جوشِ جُنوں میں تیرے چھُپے ہوئے بھید ظاہر کر دیے ہیں۔ میرے اس جنون کا کُچھ تو معاوضہ مِلنا چاہیے اور پیرِ حرم کو یا خدا کو نوجوانوں کی ڈوبی ہوئی کشتی کو پار لگانا چاہیے۔ یہ اگر پار لگ جائے تو میں سمجھوں گا کہ مجھے میری محنت کا، میرے پیغام کا اور میرے عشق کا صِلہ (معاوضہ) مِل گیا۔

حوالہ جات


Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments