Skip to content
بالِ جبریل 161: تاتاری کا خواب

بالِ جبریل 161: تاتاری کا خواب

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال

تعارف

علامہ اقبال کی نظم ”تاتاری کا خواب“ ایک خواب کی صورت میں پیش کی گئی ہے اور اس خواب کے ردِعمل کی مظہر ہے۔ تاریخ کے مطابق، تاتاری قبائل وسطی ایشیا میں بڑے اثر و رسوخ کے حامل تھے اور کئی دہائیوں تک اپنے مضبوط قبائلی اتحاد اور جنگی قوت کی بدولت علاقے پر حکمرانی کرتے رہے۔ لیکن داخلی اختلافات، قبائلی جھگڑے، اور روحانی و سیاسی رہنماؤں کی ناکامی نے ان کی طاقت کو کمزور کر دیا۔ اِسی وجہ سے اُن کی سلطنتیں باہمی رزم و پیکار کے باعث زوال پذیر ہوئیں، اور بعد میں روس نے یکے بعد دیگرے اُنہیں مسخر کر لیا۔ نظم کے پہلے بند میں ایک تاتاری کی زبان سے اُن مصائب کی تفصیل بیان کی گئی ہے جو باشندگانِ ترکستان پر روسیوں کے تسلّط کے بعد نازل ہوئے۔ اقبالؔ نے محض تاتاری قبائل کے مابین نفاق کو ہی ان کی کمزوری اور عدم استحکام کا سبب قرار نہیں دیا بلکہ اس طرح سے پوری ملتِ اسلامیہ کے بارے میں بنیادی صورتِ حال کی نشاندہی کی۔

YouTube video

نظم ”تاتاری کا خواب“ کی تشریح

بند نمبر 1

کہیں سجّادہ و عمّامہ رہزن
کہیں ترسا بچوں کی چشمِ بے باک!

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
سجادہجائے نماز، مصلا، دری
عمامہپگڑی، دستار
رہزنراہ مار، لُٹیرا
ترساآتش پرست، عیسائی، یہودی وغیرہ
ترسا بچہوہ نو عمر خوبصورت لڑکے جو ساقی گری کا کام کرتے تھے
چشمِ بیباکبے خوف اور نڈر نِگاہ
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

تاتاری خواب میں کہتا ہے کہ قبائل و ملت کی رہنمائی جن علماء اور صوفیاء کی ذمہ داری تھی وہ نہ صرف خود اِس منصب کو بھول بیٹھے بلکہ اُن کو غلط راہ پر لگا رہے ہیں اور کہیں ساقی گری کرنے والے خوبصورت لڑکوں کی بیباک نگاہیں ایمان کی دولت پر ڈاکے ڈال رہی ہیں۔ (ترسابچہ: یہ لفظ عموماً شراب فروشوں کے ملازموں کے لیے استعمال ہوتا رہا، جنہیں حُسن و جمال میں امتیاز کی بنا پر ساقی گری کے کام پر لگایا جاتا تھا۔ چونکہ اُس دور میں شراب فروشی کا پیشہ عموماً یہودیوں اور عیسائیوں سے متعلق ہوتا تھا، اس لیے یہ لڑکے بھی انہیں کے ہم قوم ہوتے تھے۔)


ردائے دِین و ملّت پارہ پارہ
قبائے ملک و دولت چاک در چاک!

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
رِداچادر
پارہ پارہٹکڑے ٹکڑے
قباایک قسم کا کھُلا لباس
چاک در چاکجگہ جگہ سے پھٹی ہوئی، پُرزے پُرزے
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

دین اور مِلت کی چادر ٹکڑے ٹکڑے ہو چُکی ہے، یعنی مذہبی اور قومی وحدت بکھر گئی ہے، اُن میں تفرقہ پڑ گیا ہے، وہ مختلف فرقوں اور گروہوں میں بٹ گئے ہیں اور اُن کی اجتماعیت ختم ہو چکی ہے۔ اسی طرح ملک اور دولت کا لباس بھی بُری طرح پھٹ چکا ہے، یعنی سیاسی طاقت ختم ہو گئی، مُلک غیروں کے قبضے میں چلا گیا، دولت لُٹ گئی اور وہ معاشی طور پر بھی بالکل تباہ ہو گئے ہیں۔


مرا ایماں تو ہے باقی و لیکن
نہ کھا جائے کہیں شُعلے کو خاشاک!

حلِ لغات:

الفاظمعنی
خاشاکگھاس پھونس
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

بیشک میرا ایمان باقی ہے لیکن مجھے یہ غم کھائے جا رہا ہے کہ کہیں فِتنوں کا گھاس پھوس ایمان کے شعلے کو بُجھا کر نہ رکھ دے۔ شاید کسی کے دل میں یہ شبہ پیدا ہو کہ گھاس پھوس شعلے کو نہیں بُجھا سکتا لیکن شعلہ معمولی ہو اور گھاس پھونس کا انبار ایک دم اُس پر ڈال دیا جائے تو شعلہ دب کر افسردہ ہو جاتا ہے۔ اس بات سے اقبالؔ کا مطلب صرف یہ ہے کہ ایمان اگرچہ باقی رہ گیا ہے، تاہم فتنوں نے جو قیامت بپا کی ہے‘ اُس میں یہ باقی رہتا نظر نہیں آتا۔


ہوائے تُند کی موجوں میں محصور
سمرقند و بخارا کی کفِ خاک!

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
تُندتیز، سخت، شدید، پُرزور
محصورگھِری ہوئی، پابند، قید
کفِ خاکمٹی کی مُٹھی، مراد لوگ
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

تاتاری قبائل آپس میں دست و گریباں ہیں۔ دشمن اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہو چکے ہیں اور وہ سمرقند و بخارا پر یلغار کے لیے صف آرائی پر مصروف ہیں۔ تاتاریوں کی غفلت کے باعث ملک و سلطنت دونوں خطرات میں گھِر کر رہ گئے ہیں۔ اب بھی اگر اُنہیں اِس حقیقت کا احساس نہ ہوا تو تباہی ان کا مقدر بن جائے گی۔


’بگرداگردِ خود چندانکہ بینم
بلا انگشتری و من نگینم‘

حلِ لغات:

الفاظمعنی
بِگرداگردچاروں طرف سے
خوداپنا آپ
چندانکہاس قدر کہ
بینمدیکھتا ہوں
انگشتریانگوٹھی
نگینمنگینہ
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

یہ فارسی کا شعر ہے جس میں تاتاری اپنی بے بسی اور لاچاری کا اظہار کر رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ”میں اپنے گرد و پیش جتنا بھی دیکھتا ہوں، ہر طرف مصیبت اور آفت نظر آتی ہے، اور میں بالکل بے بس ہوں جیسے انگوٹھی میں نگینہ۔“ یہاں انگوٹھی اور نگینے کی تشبیہ بڑی معنی خیز ہے۔ جس طرح نگینہ انگوٹھی میں جڑا ہوتا ہے اور اپنی جگہ سے ہل نہیں سکتا، بالکل اسی طرح تاتاری خود کو چاروں طرف سے مصائب میں گھِرا ہوا محسوس کر رہا ہے اور کوئی راستہ نہیں ملتا۔ وہ اپنی قوم کی تباہی دیکھ رہا ہے، ہر سمت مشکلات ہیں، لیکن اس کے پاس کوئی حل نظر نہیں آتا۔ یہ مایوسی اور بے چارگی کی انتہا ہے جو تاتاری کی ذہنی کیفیت کو ظاہر کرتی ہے۔

بند نمبر 2

یکایک ہِل گئی خاکِ سمرقند
اُٹھا تیمور کی تُربت سے اک نور

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
خاک ہِل جانازلزلہ سا آجانا، بھونچال آنا
تمیورمشہور مسلمان فاتح، امیر تیمور
تُربتقبر
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

خواب دیکھتے دیکھتے اچانک ایک عجیب نظارا سامنے آیا یعنی سمرقند کی سرزمین میں بھونچال سا آ گیا اور وہ لرزنے لگی۔ یَکایَک تیمور کی قبر سے نور کی ایک لہر اُٹھی۔


شفَق آمیز تھی اُس کی سفیدی
صدا آئی کہ “مَیں ہوں رُوحِ تیمور

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
شفق آمیزسُرخی مائل
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

تیمور کی قبر سے جو شعاع برآمد ہوئی ہر چند کہ اُس کا رنگ کافی حد تک سفید تھا پھر بھی اس میں یوں لگتا تھا کہ شفق کی سُرخی کی کسی حد تک آمیزش ہے۔ یہی نہیں بلکہ اُس شعاع میں سے ایک صدا برآمد ہوئی کہ ”میں روحِ تیمور ہوں! اور تاتاری قبائل میں عدم اتحاد و نفاق کے سبب ہر لمحہ پریشان اور بے چین رہتی ہوں!“


اگر محصُور ہیں مردانِ تاتار
نہیں اللہ کی تقدیر محصور

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
محصُورگھِرا ہوا، پابند، قید
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اگر تاتار کے مردانِ مجاہد مصیبتوں میں گھِر گئے ہیں اور فتنوں کی سَیل نے اُنہیں نرغے میں لے لیا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ خدا کی تقدیر بھی گھِر سکتی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ کائنات کا کوئی فتنہ خدا کی تقدیر پر اثر انداز نہیں ہو سکتا لیکن اس سے وہی لوگ فائدہ اُٹھا سکتے ہیں جو خدا کے احکام پر چلیں اور اُس کے مقرر کیے ہوئے قاعدوں کے پابند رہیں۔ اگر تاتاری اِن مصیبتوں سے نجات پانا چاہتے ہیں تو اُنہیں خدا کے احکام کا پابند ہونا چاہیے اور اپنی قوتوں کو متحد کر کے مجاہدوں کی طرح فتنوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔


تقاضا زندگی کا کیا یہی ہے
کہ تُورانی ہو تُورانی سے مہجور؟

حلِ لغات:

الفاظمعنی
تقاضامنشا، مقصد
مہجُورمراد جُدا جُدا / دُور کِیا گیا / الگ الگ
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

تاتاریوں کی حالت کیا ہے؟ وہ ایک دوسرے سے جدا جدا اور باہم دگر ٹکڑوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ میں (روحِ تیمور) پوچھتی ہوں کہ کیا عزت کی زندگی کا تقاضا یہی ہے؟ کیا قومیں پھوٹ ہی کے ذریعہ سربلند ہوتی ہیں اور اپنے آپ کو فِتنوں اور مصیبتوں کے طوفان سے بچاتی ہیں؟ گویا تیمور کے نزدیک تاتاری اپنی مصیبتوں کے آپ ذمہ دار ہیں۔ وہ متحد ہو جائیں تو اُنہیں کسی فتنہ کا ڈر نہیں ہو سکتا


خودی را سوز و تابے دیگرے دہ
جہاں را انقلابے دیگرے دہ“

نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح

حلِ لغات:

الفاظمعنی
سوزآگ، تپش
تابحرارت، شِدت
دیگرےدوسرا، نیا
جہاںدنیا
انقلابتبدیلی، اُلٹ پلٹ
(نظم ”تاتاری کا خواب“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

تیمور کی روح اپنا پیغام مکمل کرتے ہوئے تاتاریوں کو حتمی حکم دیتی ہے کہ اپنی خودی کو ایک نیا سوز و تاب، ایک نیا جوش اور ولولہ عطا کرو۔ اپنے اندر کی قوت کو بیدار کرو، اپنے وجود میں نئی آگ اور حرارت پیدا کرو  اور اس کے بعد دُنیا میں انقلاب برپا کر دو۔

یعنی صرف اپنے آپ کو بدلنا کافی نہیں، بلکہ پوری دنیا میں تبدیلی لانی ہے، نظام کو بدلنا ہے، حالات کو تبدیل کرنا ہے۔ یہ محض اصلاح کا نہیں بلکہ مکمل انقلاب کا مطالبہ ہے۔ اقبالؔ کا پیغام واضح ہے کہ پہلے اندرونی تبدیلی ضروری ہے، خودی کو مضبوط کرنا لازم ہے، اور پھر اس مضبوط خودی کے ذریعے دنیا میں انقلاب برپا کرنا ہے۔ یہ محض مایوسی اور شکایت کا وقت نہیں بلکہ عمل اور تعمیر کا وقت ہے۔

حوالہ جات

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments