Skip to content
بانگِ درا 94: ستارہ

بانگِ درا 94: ستارہ


”ستارہ“ از علامہ اقبال

تعارف

نظم ”ستارہ“ میں اقبالؔ کا بنیادئ تصوّر تغیّر و انقلاب کے علاوہ مسئلہ جبر و قدر کی نشاندہی سے متعلق بھی ہے۔ یہ نظم محض آٹھ اشعار پر مشتمل ہے جن میں علامہ نے کمالِ فنی چابکدستی کے ساتھ اپنے نقطۂ نظر کا اظہار کیا ہے۔

(حوالہ: شرح بانگِ درا از اسرار زیدی)


یہ نظم جولائی 1909ء کے مخزن میں شائع ہوئی تھی اور من و عن بانگِ درا میں شامل کی گئی۔ نظم کا بنیادی تصوّر یہ ہے کہ دُنیا کارگہِ انقلاب ہے۔ یہاں ہر گھڑی، ہر چیز میں تغیّر و انقلاب رونما ہوتا رہتا ہے۔ کسی چیز کو لمحہ بھر کے لیے بھی ایک حالت پر ثبات و قرار نہیں ہے۔ ثبات و دوام اگر ہے تو صرف تغیّر کو۔

(حوالہ: شرح بانگِ درا از پروفیسر حمید اللہ شاہ ہاشمی)

YouTube video

بند نمبر 1

قمر کا خوف کہ ہے خطرۂ سحَر تجھ کو
مآلِ حُسن کی کیا مِل گئی خبر تجھ کو؟

حلِ لغات:

قمرچاند
خطرۂ سحرصبح کا اندیشہ / ڈر
مآلنتیجہ، انجام
مآلِ حُسنحُسن کا انجام
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

اقبالؔ ستارہ سے کہتے ہیں کہ تُو اس قدر خوف زدہ کیوں رہتا ہے؟ کیا تجھے یہ خوف ہے کہ چاند طلوع ہو گیا یا صبح ہوگئی تو میں فنا ہوجاؤں گا؟

اس کے علاوہ کہیں ایسا تو نہیں کہ تجھے اس حقیقت کا پتہ چل گیا ہے کہ حُسن کا انجام آخر کیا ہوتا ہے؟ مراد یہ ہے کہ ستارہ بھی ایک حُسن ہوتا ہے اور زوال بالآخر حُسن کا مقدر ہے۔ سو اسی پسِ منظر میں یہ بات کہی گئی ہے۔

؏ وہی حسیں ہے حقیقت زوال ہے جس کی
(حوالہ: بانگِ درا: حقیقتِ حُسن)


متاعِ نُور کے لُٹ جانے کا ہے ڈر تجھ کو
ہے کیا ہراسِ فنا صورتِ شرر تجھ کو؟

حلِ لغات:

متاعپونجی، دولت
متاعِ نُورنُور کی دولت
ہراسِ فنامِٹ جانے کا خوف
صورتِ شررچنگاری کی مانند
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

کہیں تجھے یہ خوف تو نہیں کہ سورج کے طلوع ہوتے ہی تیری روشنی کی دولت لُٹ جائے گی۔

یا تجھے یہ خوف ہے کہ تُو بھی چنگاری کی طرح کچھ دیر چمکنے کے بعد فنا ہوجائے گا۔


زمیں سے دُور دیا آسماں نے گھر تجھ کو
مثالِ ماہ اُڑھائی قبائے زر تجھ کو

حلِ لغات:

مثالِ ماہچاند کی طرح / مانند
اُڑھائیپہنائی
قبائے زرسونے کی پوشک، سنہری لباس
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

اگر ایسی بات ہے تو تجھے خوفزدہ تو نہیں ہونا چاہیے کہ قدرت نے تجھے سطح زمین سے کافی بلندی پر گھر عطا کیا ہے اور صرف بلندی ہی نہیں بلکہ چاند جیسا سنہری لباس یعنی روشنی بھا عطا کی ہے۔


غضب ہے پھر تری ننھّی سی جان ڈرتی ہے!
تمام رات تری کانپتے گزرتی ہے

حلِ لغات:

غضب ہےعجیب بات ہے
ننھی سی جانچھوٹی سی جان
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

اس کے باوجود تجھ پر خوف طاری رہتا ہے اور تُو اس خوف کی وجہ سے ساری رات کانپتا رہتا ہے۔

یہ شعر حُسنِ تعلیل کی اچھی مثال ہے۔ اقبالؔ نے ستاروں کی جھلملاہٹ کو کانپنے سے تعبیر کیا ہے۔

بند نمبر 2

چمکنے والے مسافر! عجب یہ بستی ہے
جو اوج ایک کا ہے، دوسرے کی پستی ہے

حلِ لغات:

اوجبلندی، ترقّی
پستیپست حالت، ذِلّت، مقابلہ میں کمتر، گِراوَٹ
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

اے چمکنے والے مسافر ( یعنی ستارہ)! یہ کائنات ایک عجیب و غریب شے ہے۔ یہاں کی کیفیت یہ ہے کہ ایک شے کو عروج حاصل ہوتا ہے تو زوال دوسری شے کا مقدر بن جاتا ہے۔ یہاں ایک کی بلندی دوسرے کی پستی اور ایک کی بقا (زندگی) دوسرے کی فنا (موت) کا سبب بن جاتی ہے۔


اجل ہے لاکھوں ستاروں کی اک ولادتِ مہر
فنا کی نیند مئے زندگی کی مستی ہے

حلِ لغات:

اجلموت
ولادتِ مہرسورج کی پیدائش (طلوع ہونا)
مئے زندگیزندگی کی شراب
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

اس کی مثال کچھ یوں ہے کہ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو لاکھوں ستارے فنا ہو جاتے ہیں۔ جو چیز ان ستاروں کے حق میں فنا کی نیند ہے، وہ آفتاب کے حق میں زندگی کی مستی بن جاتی ہے۔


وداعِ غنچہ میں ہے رازِ آفرینشِ گُل
عدم، عدم ہے کہ آئینہ دارِ ہستی ہے!

حلِ لغات:

وداعِ غُنچہغُنچہ کا رُخصت ہونا / مرجانا
رازِ آفرینشِ گُلپھول کی پیدائش کا راز
عدمفنا، موت، ناپید ہونا
آئینہ دارِ ہستیزندگی کا عکس دِکھانے والا، مظہر
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

جب غنچہ فنا ہو جاتا ہے تو اس کی فنا سے پھول کی پیدائش ہو جاتی ہے۔ لہذا ثابت ہوا کہ ایک کا عدم دوسرے کی ہستی کا سبب ہے، یا ایک کی فنا دوسرے کی بقا کا سبب بنتی ہے۔

غنچہ کھِل کر اپنی ہئیت کھو بیٹھتا ہے اور بالآخر ایک شگفتہ پھول بن جاتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں یہ کہ غنچے کی مورت عملاً پھول کی زندگی بن جاتی ہے۔ چنانچہ اس صورتِ حال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اس صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے تو یہ راز آشکار ہو کر سامنے آئے گا کہ ہم جسے موت کا نام دیتے ہیں وہ عملاً موت نہیں ہے ، اس کے برعکس زندگی کے اظہار کا نام ہے۔


سکُوں محال ہے قدرت کے کارخانے میں
ثبات ایک تغیّر کو ہے زمانے میں

حلِ لغات:

محالناممکن
قدرت کا کارخانہقدرت کا نظام
ثباتقرار، قائم رہنا
تغیّرتبدیلی، انقلاب
حلِ لغات (بانگِ درا 94: ستارہ)

تشریح:

سو  اے ستارے! یہ جان لے کہ اس کائنات میں سکون نا ممکن ہے۔ یہاں ہر گھڑی انقلاب اور تغیّر رونما ہوتا رہتا ہے۔ اگر اس کائنات میں کسی چیز کو دوام اور پائیداری حاصل ہے تو وہ یہی قانونِ تغیّر ہے۔ پس جب تغیّر اور انقلاب اس دنیا کا قانون ہے تو کسی انسان کو اُس تغیّر یا انقلاب سے خوفزدہ یا غمگین نہیں ہونا چاہیے جو اس دنیا میں پیدا ہو، کیونکہ تغیّر اور انقلاب سے کوئی شخص محفوظ نہیں رہ سکتا۔

؎ فریبِ نظر ہے سکون و ثبات
تڑپتا ہے ہر ذرۂ کائنات
(حوالہ: بالِ جبریل: ساقی نامہ)

؎ ایک صورت پر نہیں رہتا کسی شے کو قرار
ذوقِ جِدّت سے ہے ترکیبِ مزاجِ روزگار
(حوالہ: بانگِ درا: گورستانِ شاہی)

حوالہ جات


Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments