Skip to content
بانگِ درا 47: بچہ اور شمع

بانگِ درا 47: بچہ اور شمع

نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال

فہرست

تعارف

یہ نظم 1905ء کے ”مخزن“ میں شائع ہوئی تھی اور بہ ظاہر اِس میں کوئی رد و بدل نہ ہوا۔ نظم کی اشاعت سے بیشتر علامہ اقبال ولایت جا چُکے تھے۔ اِس نظم میں علامہ اقبال نے بچہ اور شمع کے حوالے سے یا استعارے میں یہ کہنا چاہا ہے کہ روحِ انسانی حُسنِ مطلق اور نورِ حقیقی کی تلاش اور اُس کے حصول میں بڑی بے قراری اور حیرانی کے ساتھ مصروف رہتی ہے۔ اُس کی یہ بے قراری و سرگردانی ایک فطری امر ہے۔

(شرح بانگِ درا از مولانا غلام رسول مہر، ڈاکٹر خواجہ حمید یزدانی)

YouTube video

نظم ”بچّہ اور شمع“ کی تشریح

بند نمبر 1

کیسی حیرانی ہے یہ اے طفلکِ پروانہ خُو!
شمع کے شعلوں کو گھڑیوں دیکھتا رہتا ہے تو

حلِ لغات:

الفاظمعنی
طِفلکچھوٹا سا بچہ
پروانہ خُوپتنگے جیسی عادت والا
گھڑیوںجمع گھڑی، دیر تک
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اقبالؔ ایک معصوم بچے سے سوالیہ انداز میں مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ اے پروانے جیسی فطرت رکھنے والے بچے! یہ کیسی حیرانی ہے کہ تم شمع کے شعلوں کو دیر تک ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہتے ہو۔ علامہ اِس حیرت کو محض بچوں کی سادہ تجسس نہیں سمجھتے بلکہ اسے اُس بچے کی باطنی کشش اور فطری میلان کی علامت قرار دیتے ہیں، جو روشنی اور حُسن کی طرف خود بخود کھِنچا چلا جاتا ہے، بالکل اُسی طرح جیسے پروانہ شمع کی طرف مائل ہوتا ہے۔


یہ مری آغوش میں بیٹھے ہوئے جُنبش ہے کیا
روشنی سے کیا بغَل گیری ہے تیرا مدّعا؟

حلِ لغات:

الفاظمعنی
جُنبِشہلنا جُلنا، حرکت
بغل گِیریگلے ملنا، ہم آغوشی
مُدّعامقصد
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اے بچے! میری آغوش میں بیٹھے ہوئے تیرے اندر یہ کیسی جُنبِش اور بے چینی ہے، یوں معلوم ہوتا ہے جیسے تُو شمع سے ہم آغوش ہونے کا خواہاں ہو۔


اس نظارے سے ترا ننھّا سا دل حیران ہے
یہ کسی دیکھی ہُوئی شے کی مگر پہچان ہے

حلِ لغات:

الفاظمعنی
شےچیز
مگرشاید
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

شمع کا نظارہ تیرے لیے حیرانی کا سبب بنا ہوا ہے اور تُو اِس سے یوں حیرت زدہ ہو کر رہ گیا ہے جیسے پہلے یہ نظارہ تیرا دیکھا ہوا ہے اور اب اسے از سرِ نو شناخت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تُو بار بار شمع کی طرف لپَک رہا ہے۔

بند نمبر 2

شمع اک شعلہ ہے لیکن تُو سراپا نور ہے
آہ! اس محفل میں یہ عُریاں ہے تُو مستور ہے

حلِ لغات:

الفاظمعنی
سراپا نورمکمل روشنی
عُریاںبرہنہ، ننگا، ظاہر
مستُورچھُپا ہوا، پوشیدہ
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اے ننھے بچے! شمع تو محض ایک شعلہ کی حیثیت رکھتی ہے جب کہ تُو سر تا پا نور ہے۔  فرق محض اس قدر ہے کہ شمع کی روشنی تو صاف نظر آ سکتی ہے جب کہ تجھ میں نور کی جو ضو (روشنی) موجود ہے وہ چھُپی ہوئی ہے اور ہرکس و ناکس اُس کا نظارہ نہیں کر سکتا۔ دوسرے لفظوں میں کہیں تو تجھ میں اُس محبوبِ حقیقی کا جلوہ پوشیدہ ہے جسے دیکھنے کے لیے ظاہری آنکھ نہیں‘ بصیرت کی ضرورت ہے۔


دستِ قُدرت نے اسے کیا جانے کیوں عُریاں کیا!
تُجھ کو خاکِ تِیرہ کے فانوس میں پنہاں کیا

حلِ لغات:

الفاظمعنی
دستہاتھ
عُریاںبرہنہ، ننگا، ظاہر
خاکِ تیرہ کا فانوسسیاہ مٹی کا شمع دان، مراد جسمِ خاکی
پِنہاںچھُپا ہوا، پوشیدہ
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

یہ شعر انسانی وجود کی پیچیدگی اور روحانی حقیقت کی تہہ داری کو بیان کرتا ہے۔ علامہ سوال اُٹھاتے ہیں کہ خدا نے شمع کی روشنی کو تو کھُلا اور عیاں چھوڑا، لیکن انسان کے اندر موجود نور (روح یا باطنی حقیقت) کو سیاہ مٹی کے فانوس یعنی جسم میں کیوں چھُپا دیا؟ شمع کی لَو ہر کسی کو نظر آتی ہے لیکن انسان کا اصل نور، اُس کی روحانی عظمت اور باطنی جوہر، محض ظاہری جسم کے پیچھے پوشیدہ ہے۔

یہ شعر اِس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے کہ انسان کی اصل قدر و قیمت اُس کے ظاہر میں نہیں بلکہ اُس کے باطن میں ہے، جسے صرف بصیرت اور گہری نگاہ سے ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تضاد قدرت کی حکمت کا اظہار ہے کہ جسمانی خول کے اندر روحانی جوہر محفوظ ہے، جو صرف اُن کے لیے قابلِ دریافت ہے جو سطحی نظر سے آگے دیکھ سکتے ہیں۔


نور تیرا چھُپ گیا زیرِ نقابِ آگہی
ہے غبارِ دیدۂ بینا حجابِ آگہی

حلِ لغات:

الفاظمعنی
نقابِ آگہیآگہی کا پردہ، جاننے کا نقاب
غبارگرد خاک
دیدۂ بینادیکھنے والی آنکھ
حجابپردہ
حجابِ آگہیعلم کا پردہ، جاننے کا نقاب
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

یہ شعر انسانی شعور اور معرفت کے ایک گہرے تضاد کو بیان کرتا ہے۔ فرمارتے ہیں کہ انسان کا اصل نور (روحانی حقیقت) خود اس کی اپنی آگہی اور شعور کے پردے میں چھُپ گیا ہے، اور یہی آگاہی اور ادراک کی صلاحیت اُلٹا ایک رکاوٹ بن گئی ہے۔ جس طرح گرد و غبار آنکھ میں پڑ جائے تو انسان دیکھنے سے قاصر ہو جاتا ہے، اُسی طرح ہمارا ظاہری علم، احساس، اور فطری ادراک ہماری باطنی بصیرت کے لیے پردہ بن گیا ہے۔

یہ شعور جو ہمیں دُنیا کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے، وہی ہمیں اپنی اصل روحانی حقیقت سے غافل کر دیتا ہے۔ اقبالؔ یہاں بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی معرفت اور خدا شناسی کے لیے محض ظاہری علم اور سطحی شعور کافی نہیں، بلکہ گہری باطنی بصیرت کی ضرورت ہے جو اس پردے کو چاک کر کے اندر چھپے نور تک رسائی حاصل کر سکے۔ اِس کی مثال کُچھ یوں ہے:-

فرض کریں آپ کے سامنے ایک صاف شیشہ ہے اور اُس کے پیچھے خوبصورت منظر ہے۔ اگر شیشہ بالکل صاف ہو تو آپ منظر دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن اگر شیشے پر گرد پڑ جائے یا شیشہ خود چمکنے لگے تو آپ کی نظر شیشے پر ہی رُک جاتی ہے اور پیچھے کا اصل منظر نظر نہیں آتا۔ بالکل ایسے ہی انسان کی ”آگہی“ یعنی اُس کا اپنا شعور، علم، احساسات، خیالات، یہ سب اتنے غالب ہو جاتے ہیں کہ انسان صرف اُنہی میں الجھا رہتا ہے۔ وہ سوچتا رہتا ہے کہ ”میں کیا ہوں، میں کیا جانتا ہوں، میرا علم، میری سمجھ“، یہ سب چیزیں ایک پردہ بن جاتی ہیں اور اِس پردے کی وجہ سے وہ اپنے اندر چھپا ہوا اصل نور (روحانی حقیقت) نہیں دیکھ پاتا، بالکل جیسے گرد آلود شیشے کی وجہ سے پیچھے کا منظر نظر نہیں آتا۔


زندگانی جس کو کہتے ہیں فراموشی ہے یہ
خواب ہے، غفلت ہے، سرمستی ہے، بے ہوشی ہے یہ

حلِ لغات:

الفاظمعنی
فراموشیبھول جانے کی حالت
سرمستیبہت نشے کی حالت
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

جسے ہم عام طور پر زندگی سمجھتے ہیں، وہ دراصل زندگی نہیں بلکہ ایک گہری فراموشی اور غفلت کی حالت ہے۔ انسان دنیاوی معاملات، مادی خواہشات، اور روزمرہ کی مصروفیات میں اس قدر غرق ہو جاتا ہے کہ گویا خواب میں ہو، بے ہوش ہو، یا نشے کی سرمستی میں چل رہا ہو۔ اِس حالت میں وہ اپنی اصل حقیقت، اپنے مقصدِ تخلیق، اور اللہ کی معرفت سے مکمل طور پر غافل ہو جاتا ہے۔ کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:-

 یہ ظاہری زندگی جسے لوگ ”جینا“ سمجھتے ہیں، اقبالؔ کی نظر میں روحانی موت کے مترادف ہے کیونکہ اس میں حقیقی شعور، بیداری اور خود آگاہی نہیں ہے۔ حقیقی زندگی صرف اُسی وقت شروع ہوتی ہے جب انسان اُس غفلت کی نیند سے بیدار ہو کر اپنے باطن کے نور کو پہچانے اور اپنے خالق سے رشتہ اُستوار کرے۔

بند نمبر 3

محفلِ قُدرت ہے اک دریائے بے پایانِ حُسن
آنکھ اگر دیکھے تو ہر قطرے میں ہے طوفانِ حُسن

حلِ لغات:

الفاظمعنی
محفلِ قدرتبزمِ ہستی، دُنیا
دریائے بے پایاںبے کنارہ / غیر محدود دریا
طوفانِ حُسنخوبصورتی کا سیلاب آنا
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

یہ کائنات حسن و جمال کا ایک لامتناہی سمندر ہے جس میں ہر طرف خوبصورتی بکھری پڑی ہے۔ اقبالؔ کہتے ہیں کہ اگر انسان کے پاس دیکھنے والی آنکھ (بصیرت) ہو، تو وہ اِس کائنات کے ہر چھوٹے سے چھوٹے ذرّے، حتی کہ پانی کی ایک معمولی بوند میں بھی حُسن کا ایک طوفان دیکھ سکتا ہے۔

لیکن یہ خوبصورتی صرف انہی کو نظر آتی ہے جن کی نظر محض سطحی نہیں بلکہ گہرائی میں اُترنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ عام انسان اِس بے پایاں حسن کے سمندر میں رہتے ہوئے بھی اندھا ہے کیونکہ وہ مادیت اور دنیاوی مصروفیات میں اِس قدر کھویا ہوا ہے کہ اُسے قدرت کے اس عظیم جمال کا احساس ہی نہیں ہوتا۔ ِاس موضوع پر ڈاکٹر خواجہ حمید یزدانی شرح بانگِ درا میں ذیل اشعار کا حوالہ دیتے ہیں:-


حُسن، کوہستاں کی ہیبت ناک خاموشی میں ہے
مِہر کی ضوگستری، شب کی سِیہ پوشی میں ہے

حلِ لغات:

الفاظمعنی
کوہستانپہاڑی، پہاڑ سے متعلق
ہیبت ناکخوفناک
مہرسورج
ضوگستریروشنی پھیلانا، نور پاشی
شبرات
سِیہ پوشیکالا لباس، مراد تاریکی
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

حُسن صرف خوشنما اور دلکش چیزوں میں نہیں بلکہ کائنات کی ہر کیفیت میں موجود ہے، یہاں تک کہ اُن چیزوں میں بھی جو بظاہر خوفناک یا تاریک نظر آتی ہیں۔ پہاڑوں کی ہیبت ناک خاموشی میں بھی ایک عجیب حُسن پوشیدہ ہے، سورج کی چمک دمک اور روشنی کی پھیلاؤ میں بھی خوبصورتی ہے، اور یہاں تک کہ رات کی سیاہی اور اندھیرے میں بھی ایک خاص جمال چھپا ہوا ہے۔

 اللہ کا حُسن ہر شکل، ہر رنگ اور ہر حالت میں جلوہ گر ہے، چاہے وہ روشنی ہو یا تاریکی، خاموشی ہو یا شور، سکون ہو یا ہیبت۔ لیکن یہ حُسن صرف اسی شخص کو نظر آتا ہے جو سطحی نظر سے آگے بڑھ کر کائنات کی ہر چیز میں خالق کے جلوے تلاش کرتا ہے۔ یہ بصیرت کا کمال ہے کہ انسان تضادات میں بھی وحدت اور خوفناک چیزوں میں بھی جمال دیکھ سکے۔


آسمانِ صبح کی آئینہ پوشی میں ہے یہ
شام کی ظُلمت، شفَق کی گُل فرو شی میں ہے یہ

حلِ لغات:

الفاظمعنی
آئینہ پوشیآئینے کی طرح صاف شفاف لِباس
ظلمتتاریکی
شفقغروبِ آفتاب کے وقت آسمان پر پھیلنے والی سُرخی
گُل فروشیپھول بیچنا، پھول بکھیرنا
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

صبح کے لمحات میں جب آسمان نور اور روشنی کے ساتھ نظر آتا ہے تو یہ بھی حسن کا ایک منظر ہے، اسی طرح شفق کا نظارہ اور شام کے لمحات میں وارد ہونے والی تاریکی کو بھی حُسن سے تعبیر کیا جا سکتا ہے


عظمتِ دیرینہ کے مِٹتے ہُوئے آثار میں
طفلکِ ناآشنا کی کوششِ گُفتار میں

حلِ لغات:

الفاظمعنی
عظمتِ دیرینہپرانی شان و شوکت
مِٹتے ہوئے آثارختم ہوتی ہوئی نشانیاں/یادگاریں
طِفلکِ ناآشنامعصوم بچہ
کوششِ گُفتاربولنے کی کوشش
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

حُسن تو ماضی کی عظمتوں کے اُن آثار میں بھی موجود ہے جو اب مِٹتے جا رہے ہیں اور بچہ جب بولنے کی سعی کرتا ہے، اُسے بھی حُسن حسن کے منظر سے تعبیر کِیا جا سکتا ہے۔


ساکنانِ صحنِ گُلشن کی ہم آوازی میں ہے
ننھّے ننھّے طائروں کی آشیاں سازی میں ہے

حلِ لغات:

الفاظمعنی
ساکنانِ صحنِ گلشنباغ کے صحن میں رہنے والے۔ مراد پرندے
طائرپرندہ
آشیاں سازیگھونسلا بنانا
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

باغوں میں جب یَک آواز ہو کر پرندے چہچہاتے اور گاتے ہیں اور یہی ننھے ننھے پرندے جس طرح اپنے گھونسلے بناتے ہیں، اُس عمل میں بھی حُسن موجود ہے۔


چشمۂ کُہسار میں، دریا کی آزادی میں حُسن
شہر میں، صحرا میں، ویرانے میں، آبادی میں حُسن

حلِ لغات:

الفاظمعنی
چشمۂ کہسارپہاڑوں سے نکلنے والا چشمہ / سوتا / جھرنا
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

حُسن تو پہاڑوں سے برآمد ہونے والے چشموں اور تیز رو دریاؤں کے علاوہ شہروں‘ صحراؤں‘ ویرانوں اور پھر آبادی میں غرض ہر جگہ حُسن ہی حُسن بِکھرا ہوا ہے۔ ”دریا کی آزادی“ اس لیے کہا کہ اُسے کوئی روکنا چاہے تو روک نہیں سکتا اور جب جوش میں آتا ہے تو کناروں سے اُچھل کر باہر نکل آتا ہے۔ اِس کا عام منظر ایسا ہی ہے جس میں آزادی سب سے نمایاں ہوتی ہے۔


رُوح کو لیکن کسی گُم گشتہ شے کی ہے ہوس
ورنہ اس صحرا میں کیوں نالاں ہے یہ مثلِ جرس!

حلِ لغات:

الفاظمعنی
گُم گشتہ سےکھوئی ہوئی چیز
ہوَسشدید خواہش
نالاںرونے والی، فریادی
مثلِ جرسگھنٹی کی طرح / مانند
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

اگرچہ یہ کائنات حسن و جمال سے بھری پڑی ہے اور ہر طرف خوبصورتی بکھری ہوئی ہے، لیکن انسانی روح پھر بھی بے چین اور بے قرار رہتی ہے۔ اسے کسی گُم شُدہ چیز کی تلاش ہے، کسی ایسے حسن کی آرزو ہے جو ان تمام مناظر سے بالاتر ہے۔ یہ روح دنیا کے صحرا میں اونٹ کی گھنٹی کی طرح مسلسل آہ و فریاد کرتی رہتی ہے۔ کیونکہ وہ اصل، ابدی اور مطلق حسن یعنی اللہ کی تلاش میں ہے۔

دُنیا کی تمام خوبصورتیاں اس کے لیے کافی نہیں کیونکہ یہ سب محدود اور فانی ہیں، جبکہ روح کا تعلق اس لامحدود اور لافانی حسن سے ہے جس سے وہ الگ ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی ہر نعمت اور ہر خوبصورتی کے باوجود انسان کے دل میں ایک خلا، ایک بے چینی اور ایک نہ ختم ہونے والی تڑپ موجود رہتی ہے جو صرف اپنے خالق کی معرفت اور قُربت سے ہی پُر ہو سکتی ہے۔


حُسن کے اس عام جلوے میں بھی یہ بے تاب ہے
زندگی اس کی مثالِ ماہیِ بے آب ہے

حلِ لغات:

الفاظمعنی
عام جلوہہر جگہ نظر آنا
بے تاببے چین، بے قرار
ماہیِ بے آبپانی سے باہر کی مچھلی جو تڑپتی ہے۔ مراد بے چینی اور بے قراری
(نظم ”بچہ اور شمع“ از علامہ اقبال مع حلِ لغات و تشریح)

تشریح:

انسانی روح کے ارد گرد اللہ کے حُسن کے جلوے ہر جگہ بکھرے ہوئے ہیں، کائنات کا ذرہ ذرہ اُس کی نشانی ہے، لیکن پھر بھی روح بے چین اور بے قرار ہے کیونکہ یہ بالواسطہ جلوے اسے مطمئن نہیں کر سکتے۔ اقبالؔ کہتے ہیں کہ روح کی حالت اس مچھلی کی طرح ہے جسے پانی سے باہر نکال دیا گیا ہو۔ جس طرح مچھلی کی زندگی کا انحصار پانی پر ہے اور اس کے بغیر وہ تڑپتی رہتی ہے، اسی طرح انسانی روح کا اصل تعلق اللہ کی ذات سے ہے اور اس سے جدائی میں وہ ہمیشہ بے قرار رہتی ہے۔

دُنیا کی تمام خوبصورتیاں محض اشارے اور نشانیاں ہیں، لیکن روح اصل، محبوبِ حقیقی کو بالمشافہ دیکھنا چاہتی ہے، اُس کی قربت چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دُنیا کی ہر نعمت کے باوجود انسان کے اندر ایک مسلسل تڑپ اور بے چینی موجود رہتی ہے جو صرف اللہ کے قُرب اور وصال سے ہی ختم ہو سکتی ہے۔

تبصرہ

اِس دِلکش اور بلیغ نظم میں علامہ اقبال نے بچہ اور شمع کے پردہ میں اپنی جستجو اور تلاش کے جذبات کا اظہار کِیا ہے۔ خلاصہ یا بنیادی تصور اس نظم کا یہ ہے کہ روحِ انسانی حُسنِ مطلق کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ یہ کائنات سراپا حُسن و جمال ہے‘ ہر شئے میں حُسن موجود ہے اور حُسن و جمال کسی ایسی ذات کا پرتو ہے جو منبعِ حُسن ہے یعنی حُسنِ مطلق ہے۔ پس انسانی روح فطری طور پر اُسی حُسنِ مطلق کو حاصل کرنا چاہتی ہے۔ یہ تصور اقبال کے نظامِ افکار میں بنیادی مرتبہ رکھتا ہے اور اس نکتہ کو انہوں نے اپنی تمام تصانیف میں مختلف طریقوں سے بیان کِیا ہے۔ مثلاً زبورِ عجم میں لِکھتے ہیں:-

(شرح بانگِ درا از پروفیسر یوسف سلیم چشتی)

حوالہ جات

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments